ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : مانسون کی شروعات میں ہی بھاری برسات سے متاثر ہوئی عام زندگی  

بھٹکل : مانسون کی شروعات میں ہی بھاری برسات سے متاثر ہوئی عام زندگی  

Sun, 13 Jun 2021 12:15:17    S.O. News Service

بھٹکل، 13؍جون  (ایس او نیوز) امسال مانسون کی شروعات میں ہی بھٹکل تعلقہ میں بھاری برسات کی وجہ سے عام زندگی متاثر ہوئی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق یکم جون سے 12 جون کی صبح تک تعلقہ سطح پر جملہ 386.8 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔
    
گزشتہ دو دن سے جاری زبردست بارش اور تیز ہوا  کی وجہ سے مختلف مقامات پر درختوں کے  گرنے  کی خبر ملی ہے۔ کائکینی اور بئیلور میں دو درخت گرنے سے دو گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ریوینیو افسران نے ان مقامات پر پہنچ کر جائزہ لیا ہے۔
    
ادھر بھٹکل کے کارگیدے علاقہ میں آنگن واڈی روڈ تیز برسات کی وجہ سے پوری طرح تباہ ہوگیا ہے اور کئی جگہوں سے سڑک کھسک کر بہہ گئی ہے۔ اس سے وہاں پر لوگوں کو آمد و رفت میں بہت زیادہ دشواری کا سامنا ہے۔
    
تعلقہ انتظامیہ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ برسات کے دنوں میں کسی بھی ہنگامی صورت حال پر قابو پانے کے لئے مختلف محکمہ جات کے افسران پوری طرح تیار ہیں۔ نوڈل افسران کو بھی تعینات کردیا گیا ہے۔ دیہی علاقوں میں بھی صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لئے  تمام انتظامات کردئے گئے ہیں۔ دو تین روز قبل خود ڈپٹی کمشنر نے بھی بھٹکل پہنچ کر افسران کے ساتھ میٹنگ کی تھی اور تیاریوں کا جائزہ لیا تھا۔
    
دوسری طرف اگر ضلع کی صورت حال کی بات کی جائے تو فی الوقت موسلا دھار برسات کی وجہ سے نیشنل ہائی وے پر توسیعی منصوبے کے ادھورے کام کی وجہ سے آمد و رفت میں  کافی دشواریاں پیدا ہورہی ہیں۔ ساحلی علاقوں میں عام زندگی متاثر ہوئی ہے۔ 
    
ہوناور تعلقہ میں بھاری برسات کی وجہ سے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا ہے۔ ایڈگونجی کے ایک گھر کی چھت اڑجانے سے مالک مکان کو بڑا نقصان ہوا ہے۔ ریوینیو افسران اور گرام پنچایت کے ذمہ داران نے جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا ہے۔ 
    
کمٹہ تعلقہ میں برسات کی وجہ سے شہری اور دیہی علاقوں میں عوام کو پریشانیوں سے گزرنا پڑ رہا ہے۔  ایک طرف راستوں پر گندے نالوں سے  پانی بہنے لگا جس سے موٹر گاڑیاں چلانے والوں کو بڑی دشواری ہورہی ہے تو  دوسری طرف ساتھ ہی ساتھ یہی پانی بعض دکانوں کے اندر گھسنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ دیہی علاقوں میں الیکٹرک کے کھمبے گرنے سے بجلی سربراہی متاثر ہوئی ہے۔ عوام مقامی انتظامیہ کی ناقص تیاریوں پر اپنی برہمی کا اظہار کررہے ہیں۔


Share: